Print this page

فیکا کی رپورٹ کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا ) کی رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے غیر ملکی کرکٹرز سے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے لاہور جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں سکیورٹی کے حالات اب بھی اچھے نہیں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ انہیں فیکا کی رپورٹ پڑھ کر حیرت اور افسوس ہوا ہے کیونکہ اس رپورٹ میں جو کچھ بھی کہا گیا ہے اس کا حقیقت سے دور دور تک تعلق نہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اس رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ لاہور میں غیرملکیوں پر حملے ہورہے ہیں لگژری ہوٹلوں پر حملے ہورہے ہیں جبکہ ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔معلوم نہیں فیکانے یہ معلومات کہاں سے اکٹھی کی ہیں؟

نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ اگر فیکا یہ دعوی کرتی ہے کہ اسے مبینہ طور پر سکیورٹی ماہرین نے یہ سب کچھ بتایا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ جاننا چاہے گا کہ وہ سکیورٹی ماہرین کون ہیں اور ان کے نام بتائے جائیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہزاروں میل دور بیٹھ کر فیکا کو معلوم ہی نہیں ہے کہ پاکستان خصوصاً لاہور میں اسوقت سکیورٹی کی صورتحال کیسی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں