جمعرات, 25 اپریل 2024


جامعہ این ای ڈی کےتحت سالانہ یوم حسین ؑکا انعقاد

کراچی : جامعہ این ای ڈی کےتحت سالانہ یوم حسین ؑکا انعقاد ہر برس کی طرح امسال بھی کیا گیا۔

جامعہ کے تحت منعقدہ اس یومِ حسین ؑمیں بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں تابندہ لاری، معروف منقبت و نوحہ خواں شجاع رضوی، مولانا علی افضال رضوی، مفتی فیصل عزیزی، ذاکرہ نشاط زہرا نے گلہائے عقیدت نذرِ شہدائے کربلا کیے۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مفتی فیصل عزیزی کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا وقوع پذیر ہوئے صدیاں بیت چکی ہیں لیکن آج بھی زمانے کے قلوب و اذہان میں حسین رضی اللہ تعالی عنہ زندہ و جاوید ہیں۔مزید کہا کہ زمانے کے دلوں میں زندہ رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ امام حسین کی قربانی کا مقصد دینِ محمدیﷺ کی سر بلندی تھا۔

یومِ حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے مولاناعلی افضال رضوی کا کہنا تھاکہ ذاتِ امام حسین ؑایسی چھاؤنی ہے جس میں تمام اہلِ حق جمع ہوسکتے ہیں۔مزید کہا کہ نواسہ رسول ﷺ امام حسینؑ کی ذات محورِ اتحاد ہے اور یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی اساس ہے۔ مزید کہا کہ یزیدی طرزِ فکر کا مٹنااور ظلم کے خلاف متحد ہوجانا ”حسینیت“ہے۔

جامعہ کے تحت منعقدہ اس یوم حسینؑ پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول ﷺ نے ایک مقام پر کہا کہ کیا تم میرے قتل سے زیادہ کچھ اور بھی کرسکتے ہو؟خدا کی راہ میں شہادت ”مبارک“ہے،امام عالی مقام کی ذات ظلم کے مقابل فتح کا استعارہ ہے۔

یومِ حسین کمیٹی اور طالب علموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جامعہ کے تحت منعقد ہ میلاد اوردیگر محافل کا مقصد اپنے طلبا کے لیے دین شناسی کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔اس موقعے پر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ، رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طالب علموں سمیت جامعہ کے اساتذہ اور اسٹاف نے شرکت کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment