Print this page

سندھ میں پولیوپرقابونہ پایا گیا،بدین ایک اورکیس سامنےآگیا

بدین: صوبہ سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، انسداد پولیو حکام نے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدین کی یو سی میں سوا 2 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، ایمرجنسی سینٹر پولیو کا کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

پولیو سینٹر کے مطابق کراچی سے رواں سال پولیو کے 6 کیسز سامنے آئے، حیدر آباد،جامشورو اور لاڑکانہ میں پولیو کے 2،2 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ میر پور خاص، سجاول، شہید بے نظیر آباد سے پولیو کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

یاد رہے کہ پانچ دن قبل میر پورخاص سے پولیو حکام نے مزید دو پولیو کیسز کی تصدیق کی تھی، خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہو چکی ہے، یہ شرح 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیو حکام کے مطابق خیبر پختون خوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہے، 17 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آ چکے ہیں۔

تین دن قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے۔ امید ہے ہم مستقبل میں پولیو کیسز پر قابو پالیں گے، ہم نے نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے، حکومت نے پچھلے 3 سال میں انسداد پولیو کے لیے وسائل فراہم کر لیے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں