ھفتہ, 20 اپریل 2024


جامعہ کراچی منی پاکستان کی مانند ہے

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی کی انتظامیہ ،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی،غیر تدریسی عملہ ،سابق طلباوطالبات اور یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بدھ کو یوم الجامعہ کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر سعید سیفی نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ فراموش کردیں ان کا جغرافیہ بدل جاتا ہے جبکہ جو ادارے اپنی روایات سے انحراف کریں وہ آثارپارینہ بن جاتے ہیں ۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ قائد اعظم جیسے عظیم دانشور ،لیڈر اور قانون دان کے بنائے ہوئے ملک میں ہم راستہ بھٹک گئے ہیں اور اب ہماراشمار مجبور قوموں میں کیا جاتاہے۔جامعہ کراچی کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک دفعہ جب پولیس کو ایک پروفیسر کو گرفتار کرنا تھا تواس وقت کے شیخ الجامعہ اشتیاق قریشی نے آئی جی پولیس کو سختی سے جامعہ کراچی میں پولیس کے داخلے سے منع کردیاتھا۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ ،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی،غیر تدریسی عملہ ،سابق طلباوطالبات اور یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بدھ کو یوم الجامعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ کسی بھی شہر کے دماغ کے مانند اور علم وفن کامرکز ہوتی ہے، موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ18جنوری کا دن جامعہ کراچی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔18 جنوری 1960 ء کو جامعہ کراچی موجودہ کیمپس میں منتقل ہوئی ۔ جامعہ کراچی منی پاکستان کی مانند ہے جس میں پاکستان کے ہر صوبہ اور قومیت سے تعلق رکھنے طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ اس موقع پر ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی،یو نی کیرئینز کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی ، مولانا احترام الحق تھانوی، سلطان چائولہ ، سابق چیئر مین شعبہ ابلاغ عامہ وفاقی اُردو یونیورسٹی پروفیسرسلیم مغل نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، روئسائے کلیہ جات ،سابق وائس چانسلرز ، اساتذہ، غیرتدریسی عملے اور طلبہ اورحفاظ کرام تلاوت قرآن فرماتے ہوئے جامعہ کراچی میں داخل ہوئے اور جلوس کی شکل میں کلیہ سماجی علوم تک گئے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے انجام دیئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment