ایمزٹی وی(پنجاب) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی ہے جس کے بعد اسموگ اور شدید دھند سے متاثرہ پنجاب کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی بارشوں کا سسٹم کل رات سے پاکستان میں داخل ہو جائے گا جس کے بعد سندھ، پنجاب، خیبرپختون خوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے اور ان بارشوں کی وجہ سے اسموگ کی شدت میں نمایاں کمی بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور بہاولپور میں بارشیں ہونے کا امکان ہے جب کہ سندھ کے چند اضلاع میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلات، سبی، نصیرؤباد، ژوب اور مکران ڈویژن میں بھی بارشیں ہوں گی جبکہ گلگت بلتستان کے بیشتر مقامات میں بھی بارش کا امکان ہے اور انہی بارشوں کے سلسلے کی وجہ سے پہاڑی مقامات پر برف باری بھی ہوسکتی ہے۔