ایمز ٹی وی(ملتان) عوامی راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بیٹھے جرائم پیشہ مالی دہشت گردملک کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں، اسی لئے آپریشن رد الفساد کا آغاز ان سے کیا جائے ، نوجوان ہی ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں اسی لئے وہ آنے والے عام انتخابات میں درست لوگوں کا انتخاب کریں،عوامی راج پارٹی آنے والے عام انتخابات میں نوجوانوں کو آگے لائے گی، میٹرو بس کی 90کروڑ سے زائد رقم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی جیبوں میں جارہی ہے لیکن تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے کوئی سہولت میسر نہیں ہے، عوامی راج پارٹی کے زیراہتمام مظفر گڑھ سے ملتان تک روزانہ سو سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آنے جانے کی سہولت میسر ہے جس کی وجہ سے فی کس طالبعلم کو ایک لاکھ 25ہزار کا سالانہ فائدہ ہو رہا ہے۔ طلبہ و طالبات کو مفت آمدورفت کی سہولت کا ایک سال مکمل ہونے پر زکریا یونیورسٹی میں کیک کا ٹنے کی منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہو ئےجمشید دستی نے کہا کہ عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکن پر امن طور پر مثبت سرگرمیوں کو جا ری رکھے ہوئے ہیں ہم نے تعلیمی اداروں کو امن کا گہوارہ بنانا ہے نہ کہ دوسری سیاسی جماعتوں کی طرح پر تشدد کاروائیوں کو فروغ دینا ہے یہی وجہ ہے کہ آج زکریا یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبہ عوامی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد طلبہ و طالبات کو تعلیم و صحت کی سہولت بھی فراہم کرنے کے لئے عملی طور پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے، اس سلسلے میں ہم نے پیپر ورک بھی شروع کر دیا ہے ، کرپٹ حکمرانوں کی طرح سیاسی بیانات کی بجائے عملی طور پر وعدے مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک غریب کسان کا نمائندہ آج دوسری بار ایوان میں ہے اور غریب کی نمائندگی کا حق حقیقی معنوں میں ادا کر رہا ہوں، اگر مجھے کسی بھی قسم کا لالچ ہوتا تو میں کرپٹ حکمرانوں کے ساتھ کھڑا ہوتا اور مالی مفاد کے ساتھ ساتھ وزارت بھی حاصل کر پا تا ، لیکن مظفرگڑھ کی غریب عوام کے حقوق کے لئے اسمبلی میں اپنی آواز بلند کر رہا ہوں ، وہ دن دور نہیں جب غریب عوام پر مسلط جاگیرداروں، وڈیروں ، سرمایہ داروں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور غریب عوام کے نمائندے ایوانوں میں ہو ں گے