ھفتہ, 20 اپریل 2024


پشاور دھماکہ، پی ٹی آئی کا ایک روزہ سوگ کا اعلان

 

ایمزٹی وی(پشاور)پشاور کے علاقے یکہ توت میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں صوبے بھر میں فضا سوگوار ہے جبکہ تحریک انصاف نے پشاور میں خودکش حملے پر ایک روزہ سوگ اور انتخابی مہم روکنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ پر حملہ نہایت سفاکانہ اور قابل مذمت ہے، ہارون بلور اور عوامی نیشنل پارٹی کے دیگر کارکنان کی شہادتوں سے پورا ملک سوگوار ہے، تحریک انصاف نے بلور خاندان اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے اور آج پختونخوا میں اپنی تمام انتخابی سرگرمیاں منسوخ کررہے ہیں،اس کے علاوہ ایک روزہ سوگ کے دوران پختونخوا میں تحریک انصاف کے پرچم بھی سرنگوں رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہواتھا۔ عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے وہ اسٹیج کی طرف جارہے تھے کہ حملہ آور نےان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں کم ازکم 8 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیا تھا۔ دھماکے میں اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید جب کہ 60 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment