Print this page

تحریک انصاف کا اسکولوں میں ناظرہ شروع کرنے کا اقدام اچھا ہے، مولانا فضل الرحمان

 

ایمزٹی وی (پشاور)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ 2013 ءکے انتخابات کے بعد ملک کے اداروں اور لابیز سے وابستہ بعض لوگوں نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف حکومت اور اس کے ایجنڈے کی حمایت کے بدلے باہر سے آنے والے پیسہ میں حصہ دینے کی پیشکش کی تھی، انکار پر ان لوگوں نے جواب دیا کہ مولانا صوبہ میں ان لوگوں کو جس مقصد کیلئے حکومت ملی ہے اس کیلئے مغرب سے اتنا پیسہ آئیگا کہ وہ گلی کوچوں اور مساجد میں بھی پھیل جائیگا، پھر کوئی مولوی بھی آپ کا ساتھ نہیں دے گا مگر ہم پیسہ کے دریا میں بہنے کی بجائے اپنے عقیدہ، تہذیب اور نوجوان نسل کو بچانے کی جدوجہد میں ڈٹے رہے ،جب تحریک انصاف حکومت بیرونی ایجنڈے کے مطابق ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوئی تو گزشتہ سال سے وہ بیرون پیسہ بھی بند ہو گیا ہے اس لئے اب صوبائی حکومت ورلڈ بینک سے 70 ارب کا قرضہ لے رہی ہے، تحریک انصاف کا اسکولوں میں ناظرہ شروع کرنے کا اقدام اچھا ہے لیکن حالت نزاع میں اب ان کے اس اقدام کی قبولیت نہیں ہو گی ، ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے کسی لمبے چوڑے فارمولے کی کوئی ضرورت نہیں جب حکومت جمعیت علمائے اسلام کے پاس ہو گی تو ملک میں کوئی کرپشن نہیں ہو گی۔
پشاور میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو صلاحیتوں سے نوازا ہے ، اس دنیا میں رب العزت انسان سے کام چاہتا ہے کیونکہ یہ دنیا عمل کی دنیا ہے اس لئے کام کرنے کی جو صلاحیت اور قوت نوجوانوں میں ہوتی ہے وہ کسی بچہ یا بزرگوں میں نہیں ہوتی، دین اسلام ان صلاحیتوں کو صحیح رخ عطا کرتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ، سپورٹس ونگ کے عہدیداروں ، وکلا اور نوجوانوں کے علاوہ گونگے بہرے افراد کی پوری تنظیم نے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

comments46