Print this page

وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے جموں وکشمیر لبریشن سیل ، محکمہ اسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر اور اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ناقابل تسخیر بن چکی ہے ، دشمن کی ہر سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے پاکستان خطہ میں ممتاز مقام حاصل کر ے گا۔ دشمن اس منصوبہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ۔ دشمن نے آج ہمارے خلاف غیر علانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔

ان کا مزید کہناتھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشگردی سے باز آئے ورنہ اسکی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی کہ اس نے کس قوم سے ٹکر لی تھی، بھارت کی ریاستی دہشتگردی دنیا سے پوشیدہ نہیں ، عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہمیں اپنے اسکولوں اور دیگر املاک پر نظر ر کھنا ہوگی اور سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ تعاون کرنا ہوگاتاکہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کامکمل خاتمہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ تحریک آزاد ی کشمیر آج نازک دور سے گزر رہی ہے ایسے موقع پر مضبوط او رمستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر صنعت و سماجی بہبود نورین عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کی سلامتی اور بقاء کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ، مقبوضہ کشمیر میں اسوقت تشویش ناک صورتحال ہے ، نوازشریف ا ور جنرل راحیل شریف کے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔

تقریب کے آخر میں وزیر اعظم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے محکموں کے نمائندگان میں شیلڈز تقسیم کیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں