جمعرات, 28 مارچ 2024


بلاگرز کی گمشدگی سے پاک فوج کا کوئی تعلق نہیں, ڈی جی آئی ایس پی آر

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)راولپنڈی میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہم بھارت سے تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل چاہتے ہیں، جنگ مسائل کا حل نہیں، ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے لیکن جنگ نہ کرنے کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق حکومت پاکستان نے بھارت سے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ قومی مفاد ہرچیز پرمقدم ہے، قومی یکجہتی میں ہی سب کی بھلائی ہے، پاکستان ہم سب کا ہے، پاکستان کا ہر شہری اپنے اپنے مورچے کا سپاہی ہے، ہم قوم کو متحد کرنےاور دہشت گردوں کا بیانیہ رد کرنے میں میڈیا کا کردار سراہتے ہیں لیکن کچھ لوگ حساس معاملات میں قیاس آرائیاں کرکے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ڈان لیکس کے معاملے پرانکوائری ہورہی ہے۔ تحقیقات جلد مکمل ہوجائے گی ، اس وقت تک کوئی قیاس آرائی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلاگرز کی گمشدگی سے پاک فوج کا کوئی تعلق نہیں۔
کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں سے کراچی میں رینجرز نے 9 ہزار آپریشن کئے ہیں، ان آپریشن میں پولیس اور دیگر اداروں کا تعاون بھی حاصل رہا ہے۔ اس آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں کمی آئی ہے تاہم اسٹریٹ کرائم جاری ہیں، اس سلسلے میں شہریوں کے تعاون سے کام جاری رکھیں گے۔
حافظ سعید کی نظر بندی پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آزاد اور خود مختار ریاستیں ہر فیصلہ اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے لیتی ہیں، حافظ سعید کی نظر بندی کا فیصلہ پالیسی فیصلہ ہے جو ریاستی اداروں نے مل کر کیا ہے، اس میں مختلف اداروں کو اپنے
اپنے حصے کا کام کرنا ہے، ان کی نظر بندی سے متعلق آئندہ ایک دو روز میں وضاحت ہوجائے گی۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment