بدھ, 24 اپریل 2024


سعد رفیق اپنے ہی بیان پر شرمندہ

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز شیخ رشید کے خلاف دئیے گئے بیان پر شرمندگی ظاہر کردی ۔ان کا کہنا تھا کہ کل شیخ رشید کے خلاف بات کی بعد میں محسوس ہوا کہ یہ کیا بات کی ہے پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ عمران خان میڈ یا پر آتے ہیں اور کہتے ہیں تلاشی سے ڈر گئے ،اس طرح کی بازاری باتوں پر ہمیں بھی جواب دینا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل میں نے شیخ رشید کے بارے میں بات کی بعد میں احساس ہوا کہ یہ کیا بات کی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے رفقاءکی باتوں کے جواب میں کچھ باتیں نکل جاتی ہیں جن پر بعد میں تکلیف بھی ہوتی ہے ۔وفاقی وزیر ریلوے نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ ٹی وی پروگراموں اور سیاسی تقریروں میں پاناما لیکس کیس کے بارے میں جو جو باتیں کی جا رہی ہیں ،ان سب پر توہین عدالت لگانے کے لیے جائزہ لینا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نادانستہ یا دانستہ طور پر اداروں پر دباﺅ ڈالنا چاہتے ہیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالت کی جانب سے بعض ریمارکس پر ہمیں بھی اعتراض ہیں لیکن ہم ان پر بات نہیں کرتے کیونکہ عدلیہ کا تقدس پامال نہ ہو اور عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے ہم سب کو قبول ہونا چاہیے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق نے شیخ رشید کے بارے میں کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن انہیں بھی ہڈی ڈال دیتی تو آج ہمارے خلاف باتیں نہ کرتے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment