ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف سے ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملا قات ہوئی ہے جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال ،باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ترک تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق صدر رجب طیب اردوان ترک وفد کے ساتھ وزیراعظم ہاوس پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔
وزیر اعظم نواز شریف نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا استقبال کیا اور اپنی کابینہ کا تعارف مہمانوں سے کرایا ،ادھر ترک صدر نے بھی اپنے وفد کا تعارف وزیراعظم نواز شریف سے کرایا۔بعدازاں ترک صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔واضح رہے کہ آج ترک صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔