جمعہ, 19 اپریل 2024

 

ایمز ٹی وی(راولپنڈی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پی ایس ایل کا فائنل عوام میں بیٹھ کر دیکھنے کا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ تھوڑی دیر کیلئے 500 والے انکلوژر میں ضرور بیٹھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے مجھے فائنل دیکھنے سے منع کیا تھا مگر میں زبان دے چکا ہوں اس لئے فائنل دیکھنے ضرور جاﺅں گا۔انہوں نے کہا کہ فائنل میں پشاور زلمی کو سپورٹ کروںگا ۔پانامہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ کا فیصلہ 8 دن میں آجائے گا۔قبل ازیں شیخ رشید کل سے کہہ رہے تھے کہ وہ عوام میں بیٹھ کر فائنل دیکھیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) قومی احتساب بیوروکے ایگزیکٹو بورڈ نے 5 کرپشن کیسزکی تحقیقات کرنے کی منظوری دیدی ہے،ان میں انٹرنیشنل کلیئرنگ ہاؤس اسکینڈل میں قومی خزانے کو ماہانہ ایک ارب کا نقصان پہنچانے پر سابق وزیر آئی ٹی راجا پرویز اشرف،سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان کیخلاف تحقیقات شامل ہیں۔
چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت نیب بورڈکے اجلاس میں سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید احمد صدیقی کیخلاف جاری انکوائری سمیت3 انکوائریاں بندکرنے کی منظوری بھی دی گئی تاہم نیب اعلامیے کے مطابق پینے کے صاف پانی کے ٹھیکوں میں کرپشن پر وزارت خصوصی اقدامات کے افسروں کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے میں قومی خزانے کو 15 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب این ٹی ڈی سی کی طرف سے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک میں غیر قانونی سرمایہ کاری کرکے130 ملین روپے کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات کی جائیں گی۔ ضیا الدین ہاسپٹل کراچی کو ہاکی ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ،کے ایم سی اور کے ڈی اے کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پرکمرشل پلاٹ کے استعمال کی اجازت دینے پر تحقیقات ہوں گی۔ اس پلاٹ کے معاملہ پر قومی خزانے کو15کروڑکا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ادھر میپکو اور ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک ملتان کے افسروں کی طرف سے خوردبرد اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر قومی خزانے کو289 ملین کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات ہوں گی۔


نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر 3 انکوائریوں کی منظوری دی ہے۔ یہ تینوں انکوائریاں اسٹیٹ بینک کی شکایت پر مشتبہ ٹرانزکشن کے معاملہ پرکی جائیںگی۔ پہلی انکوائری عمر ملک و دیگر ،دوسری انکوائری سیّد محمود شاہ، تیسری انکوائری فیروز پی بھنڈرا اور شیراز فیروز بھنڈرا اور دیگرکے خلاف ہے۔


نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس نے3 انکوائریاں بند کرنے کی بھی منظوری دی۔ ان میں پہلی انکوائری رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ اور پاکستان چلڈرن ٹیلی ویژن کے اسپانسرز کیخلاف تھی۔کے پی ٹی حکام اور دیگرکیخلاف انکوائری اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید احمد صدیقی کیخلاف انکوائری ٹھوس ثبوتوں کی عدم دستیابی کے باعث بندکر دی گئی۔ 
چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلیے عدم برداشت کی پالیسی ہے تاکہ ملک کو بدعنوانی جیسے کینسر سے نجات دلا کر بدعنوانی سے پاک پاکستان بنایا جا سکے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایک طرف جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کو 'غیر دانشمندانہ' فیصلہ قرار دے رہے تھے، وہیں اب انھوں نے فائنل کے حوالے سے اپنی خواہش کا بھی اظہار کر ڈالا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے مطابق عمران خان کی خواہش ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ فری کردیئے جائیں۔ انھوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ 'اتنے عرصے بعد ملک میں کرکٹ ہونے جارہی ہے، لیکن فائنل کے لیے 12 ہزار روپے کا ٹکٹ رکھا گیا ہے، جو کرکٹ کے دیوانوں سے انتہائی زیادتی ہے'۔
ساتھ ہی انھوں نے الزام عائد کیا کہ 'پی ایس ایل کو طبقہ اشرافیہ کا ایونٹ بنادیا گیا ہے'۔ واضح رہے کہ 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین فائنل مقابلہ ہوگا۔ پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے جہاں پورے ملک میں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے، وہیں صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ ٹورنامنٹ کے فائنل کے انعقاد کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے دروازے کھولے جاسکیں۔
اس سے قبل عمران خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا، 'پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا خواہشمند مجھ سے زیادہ اور کوئی نہیں ہوگا، لیکن پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا ایک بہت بڑا رسک ہے، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا'۔
1992 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کے گرد سیکیورٹی حصارمیں کھیلے جانے والے میچ سے ملکی سیکیورٹی پر حرف آئے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر خدانخواستہ کوئی واقعہ پیش آگیا تو ہم اگلی ایک دہائی تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلین باﺅلرز نے بھارت کے کاغذی شیروں کو ”مار مار“ کر ایک بار پھر گیدڑ بنا دیا اور دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 189 کے اسکور پر ہی پوری بھارتی ٹیم کی بساط لپیٹ دی ہے۔ نیتھن لیون نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی سب سے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 50 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا نے بھارت کے 189 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنا لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور صرف 11 کے مجموعی سکور پر ہی اوپنر ابھیناو موکند کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔ لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو بھرے سٹیڈیم میں شرمندگی سے بچانے میں ناکام رہے۔
118 کے مجموعی سکور پر بھارت کے صرف 4 کھلاڑی ہی آﺅٹ ہوئے تھے لیکن بھارتی ٹیم یہ نہ جانتی تھی کہ ”ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔“ کوئی بھی بھارتی بلے باز آسٹریلوی باﺅلرز کا سامنا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری ٹیم صرف 189 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے چتیشور پجارا نے 17، ویرات کوہلی 12، اجنکیا راہانے 17، کرون نائیر 26، روی چندرن ایشوین 7، وریدھیومن ساہا 1 جبکہ رویندرا جدیجہ 3 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے جبکہ اومیش یادیو اور ایشانت شرما کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے کیرئیر بیسٹ باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 50 رنز کے عوض 8 بھارتیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ مچل سٹارک اور سٹیو او کیف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلوی بلے بازوں نے بھارت کے 189 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 149 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 23 رنز اور میٹ رینشاء15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو میچ کے دوسرے کھیل کا آغاز کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انور علی خان نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے خلاف نجی ٹی وی پر غلط خبر شائع کرنے پر چیئرمین بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شعیب کی جانب سے 22A کے تحت دائر درخواست کو منظور کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے مالک اور دیگر پر ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
ذرائع کے مطابق فاضل عدالت نے 22 کے تحت دائر درخواست کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ نجی ٹی وی کے مذکورہ اینکرز نے 25 جنوری 2017ءکو ٹی وی پر غلط خبر شائع کی کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اراضی کی اپنے نام پر غلط الاٹمنٹ کی ہے جس سے ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی حالانکہ انہیں قانون طریقے سے زمین الاٹ ہوئی تھی۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے جس پر فاضل عدالت نے ایس ایچ او گلبرگ پشاور کو ملزموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) کے سی سی اے انٹر ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز مزیددومیچوں کا فیصلہ ہو گیا۔پہلے میچ میں کراچی الیکٹرک نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکو 84 رنز سے ہرا دیا۔کے الیکٹرک الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر315رنز بنائے ۔
جاوید منصور 95اور فراز احمد خان نے 42رنز کئے ۔ کہف پٹیل ، فراز اﷲ اور محمد مکی نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ایف بی آر الیون سات وکٹوں کے نقصان پر 231رنز بناسکی۔کاشف اقبال 66اور کہف پٹیل نے 43رنز بنائے ۔ وقار نے چاراور شا ہ زیب احمد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسرے میچ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ نے جیسن لبریکینٹس کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔جیسن لبریکینٹس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 128رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ظفر علی 51اور بہادر علی نے 25رنز بنائے ۔عدنان کلیم اور منصور احمد نے تین، تین جبکہ بابر رحمن نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جواب میں کے پی ٹی کی ٹیم نے دووکٹوں کے نقصان پر 129رنز بنالئے ۔ندیم جاوید 51اور عثمان جاوید نے ناٹ آؤٹ 29 رنز جوڑے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے دو بڑے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور عامر خان بہت جلد بھارت ٹی وی شو مہم ”نئی سوچ “ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دونوں اکٹھے اس شو کے میز بان ہوں گے۔
 
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور عامر خان 25 سالوں میں پہلی بار ایک ساتھ آ رہے ہیں لیکن وہ کسی فلم میں نہیں آرہے۔
 
بلکہ یہ دونوں ستارے ٹی وی چینل کے ایک پروگرام ’نئی سوچ‘ کی میزبانی کریں گے۔