جمعہ, 19 اپریل 2024

 

ایمز ٹی وی(صحت) مضر صحت گوشت کیخلاف کارروائی میں 55کلوگرام بڑا گوشت قبضہ میں لیکر تلف کر دیا گیا۔ جبکہ دو قصابوں کیخلاف تھانہ بنی میں مقدمہ درج کرایا گیا۔
جی ایم سلاٹر ہائوس سہالہ ڈاکٹر فرخ اور سپرنٹنڈنٹ سہالہ سلاٹر ہائوس ڈاکٹر کاشف کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے جامع مسجد روڈ پر کارروائی کرتےہوئے نعمان بیف شاپ سے 25کلوگرام مضر صحت جبکہ نوید بیف شاپ سے 30کلو گرام پانی ملا گوشت قبضہ میں لیکر بابر اور احمد رضا کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ گوشت کو بعدازاں سہالہ سلاٹر ہائوس میں جلا کر تلف کر دیاگیا۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت) تلہار شہر اور گرد ونواح میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیلتھ افسران نے آنکھیں بند کردی ہیں ۔
عوامی سماجی حلقوں کا اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تلہار ،راجوخانانی اور گردنواح کے شہروں اور دیہاتی علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں نے جگہ جگہ کلینک کھول کر انسانی جانوں سے کھیلنے لگے ہیں جس سے انسانی زندگیاں تباہ ہونے لگیں ہیں ۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی اور اتائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ایسے دھندہ کرنے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) ضلع ٹھٹھہ میں تھیلیسیمیا کا مرض تیزی سے بڑھنے لگا ٹھٹھہ اور سجاول میں 500 سے زائد بچے اس مرض میں مبتلا ضلع بھر میں تھیلسیمیا کا کوئی سینٹر موجود نہیں ایک سال کے دوران 20 سے زائد بچے اس بیماری کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھہ دھو بیٹھے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں تھیلیسیمیا مرض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے پہلے عام خیال یہ تھا کہ ایک ہی خاندان میں شادیاں ہونے کے باعث یہ مرض لاحق ہوتا ہے مگر عملی طور پر یہ بھی ثابث ہوا ہے کہ خاندان سے باہر شادی کرنے والوں کو بھی یہ مرض لاحق ہو سکتا ہے ۔
اس کے لیے سندھ اسمبلی میں بل بھی پاس کیا گیا ہے کہ شادی سے قبل جوڑے کا تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کروایا جائے اور جو یہ ٹیسٹ نہ کروائے اسکا نکاح بھی کوئی عالم نہیں پڑھائے گا مگر نہ ہی اسکی تشہیر اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا پر کی گئی اور نہ ہی لوگوں کو اسکا علم ہے اور نہ ی حکومتی سطح پر اس قانون پر عمل درآمد کرانے کی کوئی کاوش کی گئی ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور سایہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے مشترکہ تعاون سے " آرتھرائٹس سے بچاؤ۔آپ کے اپنے ہاتھ میں" کے عنوان سے منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف پیٹرن فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹرزین الحسنین نے کہاکہ آرتھرائیٹس جسے عرف عام میں گٹھیا کا مرض کہا جاتا ہے، جس میں ہڈیوں اور جوڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی بدولت جوڑوں پرسوزش اور ورم آجاتا ہے نتیجتاً جوڑوں کو حرکت دینے میں بھی شدید درد ہوتا ہے ،چنانچہ فارماسسٹ عوام میں کمیونٹی فارمیسی پریکٹس کے ذریعے شعوراجاگر کریں کہ جسمانی معذوری سے محفوظ رہنے کے لیے باقاعدگی سے ورزش کرنا، وزن کنٹرول کرنا، متوازن غذا کا استعمال، وٹامن ڈی کے حصول کے لیے جسم کودھوپ لگانا وغیرہ انتہائی ضروری ہیں۔
ماہرامراض ہڈی وجوڑ ڈاکٹررضوان حیدر نے کہاکہ آرتھرائیٹس کے مرض کی کئی اقسام ہیں جن میں سیپٹک آرتھرائیٹس ، جووینائل آرتھرائیٹس، رہیوماٹائیڈ آرتھرائیٹس شامل ہیں جبکہ اوسٹوآرتھرائیٹس یا جوڑوں کے جھڑنے کی بیماری کا شمار سب سے عام قسم میں کیا جاتا ہے سیکریٹری فارمیسی کونسل سندھ ڈاکٹرتنویراحمد صدیقی نے صدارتی خطاب میں کہاکہ اس بیماری میں مریضوں کے ہاتھ، پیروں، کندھے، کولہے، گٹھنے ، ریڑھ کی ہڈی، گردن اور پست والے جوڑ متاثر ہوتے ہیں جسے پیچیدہ ہونے سے قبل ہی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
چیئرمین سایہ ویلفیئرآرگنائزیشن ڈاکٹرتسنیم زیدی نے کہاکہ موٹے افراد میں گھٹنے کے آسٹیوآرتھرائیٹس میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ صدر پی جی اے ڈاکٹر امرعلی نے کہاکہ گٹھیا کا مرض زیادہ ترپچاس سال سے زائد عمر کے افراد خصوصاً خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ آرتھرائیٹس کی مختلف اقسام میں فزیشن اور فارماسسٹ مختلف نوعیت کی ادویات تجویز درد کی شدت کے لحاظ سے کرتے ہیں۔ زیادہ خراب جوڑ کی آپریشن کے ذریعے تبدیلی سے مریض دردسے نجات پالیتا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے لیے 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پرویز خٹک نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی۔
پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور زلمی کی ٹیم اور منیجمنٹ کو پشاور آنے کی دعوت بھی دی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی تو پوری ٹیم پشاور جاکر آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے ساتھ فتح کا جشن منائے گی۔
گذشتہ روز (5 مارچ کو) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر پشاور زلمی نے دوسری چمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پشاورزلمی کے کامران اکمل کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے پر میچ کا بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو 'مین آف دی فائنل' کی ٹرافی اور 40 ہزار ڈالر انعام بھی دیا گیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ ٹو فائنل کے لاہور میں انعقاد کو خوب سراہا جارہا ہے،وفاقی وزراء،قومی رہنمائوں اور بین الاقوامی شخصیات نے پشاور زلمی کو فتح پر مبارکباد دی ۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نےپشاور زلمی کو جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ آج پاکستان کی فتح ہوئی،کچھ لوگوں کے نصیب میں رونا ہی لکھا ہے ،وہ روتے رہیں گے اور پاکستان آگے بڑھتا جائےگا۔
اپنے پیغام میں میئر لندن صادق خان نے کہا کہ انہیں پاکستان میں کرکٹ کی واپسی دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ،آج کسی کی شکست نہیں ہوئی ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پشاور زلمی کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زلمی کی فتح پورے پاکستان کی جیت ہے ،پی ایس ایل کے فائنل میں عوام کا جذبہ قابل دید رہا۔
وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے میچ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی طرف جائے گی ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی پشاور زلمی کو جیت پر مبارک باد دی ہے ۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائنل جیتے پر مبارک دی اور کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پشاور زلمی کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی جیت ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کا فائنل پشاور زلمی نے جیت لیاتاہم جشن پورے پاکستان نے منایا، پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوگئی، ملک بھر میں مداحوں نے جشن منایا ،آتش بازی کی اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
پشاور زلمی کی جیت کے ساتھ ہی شاندار پی ایس ایل کا اختتام ہوگیا، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوا مگر پُرجوش پورا پاکستان دکھائی دیا ۔
سوات میں پشاور زلمی کی جیت پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، نوشہرہ میں شہریوں نے بڑی اسکرین پرفائنل میچ دیکھا۔
قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں نوجوانوں نےفائنل میچ دیکھنےکےلیےلوڈشیڈنگ کےخلاف پریس کلب کےباہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔
بدین میں بھی پی ایس ایل کا جنون عروج پر ہے اور کرکٹ شائقین نےبڑی اسکرین پر فائنل دیکھا، حیدرآباد کےمختلف علاقوں میں پی ایس ایل کا فائنل دکھانےکےلئےاسکرینیں لگائی گئیں۔
باچاخان چوک پرکوئٹہ گلیڈی ایٹر اورپشاور زلمی کے سپورٹرز نے کرکٹ کے عشق میں ڈوب کرخٹک ڈانس پیش کیا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا چاہتے تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے پاکستان آکر کھیلنے میں شاہد آفریدی نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈیرن سیمی کو مین آف دی فائنل کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
ادھرپی ایس ایل ٹو کی رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کے پانچ کھلاڑی شروع میں ہی آوٹ ہوگئے جو ہار کی وجہ بنی۔ انہوں نے اچھے کھیل پر پشاور زلمی کو مبارکباد بھی دی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے درمیان پاکستان سپر لیگ کا فائنل بھارت میں سب سے زیادہ آن لائن دیکھا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کا فائنل دنیا بھر میں دیکھا گیا، لیکن سب سے زیادہ آن لائن بھارت میں دیکھا گیا، آن لائن کرکٹ کی ویب سائٹس کے مطابق بھارت میں پی ایس ایل کا فائنل اٹھائیس فیصد آن لائن دیکھا گیا۔
ویب سائٹس کے مطابق پاکستان میں اکیس فی پی ایس ایل کا فائنل آن لائن دیکھا گیا ، برطانیہ ، یورپ اور دیگر ممالک میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کا فائنل آن لائن دیکھا گیا۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پشاورزلمی پاکستان سپر لیگ ٹو کا فاتح بن گیا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچ کر بھی کامیابی حاصل نہ کر سکی ،حریف ٹیم کے لئے نرم چارہ ثابت ہو ئی اور حتمی مقابلے میں58رنز سے شکست اس کا مقدر بنی۔
فائنل میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ،پشاور نے مقررہ20اوورز میں148رنز بنائے اور کوئٹہ کی ٹیم کو میچ جیتنے کےلئے 149رنز کا ہدف دیا جس میں کامران اکمل40،ڈیرن سامی28،مارلن سیموئل 19، ڈیوڈ ملن کے17رنز شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزبیٹسمین 149رنز کے ہدف کے تعاقب میں جلد بازی کا شکار نظر آئے اور پہلی وکٹ ایک رن کے مجموعے پروین وائیک کی صورت میں،دوسری وکٹ5کے مجموعےپرانعام الحق کی صورت میں،تیسرے وکٹ13رنزپراحمد شہزادکی صورت میں،چوتھی وکٹ 29رنزپر سرفراز احمد کی شکل میںجبکہ آدھی ٹیم صرف 37رنز کے مجموعے پرپویلین پہنچ چکی تھی۔
پشاور زلمی کے بالرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمینوں کو کسی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں حاصل کرتے رہے اور16اعشاریہ3اوورز میں ہی کوئٹہ کی ٹیم کو90رنز پر ڈھیر کر دیا،کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد22،سین ارون24اورانور علی20رنز بنا کر ہی قابل ذکر رہے جبکہ دیگر کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر نے3،حسن علی اور وہاب ریاض نے2،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ نے سرفراز احمد کی قیمتی وکٹ حاصل کی۔آج کے میچ میں شائقین کرکٹ نے شاہد خان آفریدی کی شدت سے کمی محسوس کی تاہم ان کی ٹیم فائنل میچ کی فاتح رہی اور پاکستان سپر لیگ ٹو کی چیمپئن بن گئی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئےکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو میچ جیتنے کے لئے149رنز کا ہدف دیا،پشاور کےکامران اکمل40رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سےریاض امرت نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئےپشاور زلمی کے3بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی،حسن خان نے 2اورمحمدنواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کے انور علی سب سے مہنگے بالر ثابت ہو ئے انہوں نے4اوورز میں43رنز دئے جبکہ انکے حصے میں کوئی وکٹ نہ آسکی،ان کے آخری اوور میںڈیرن سیمی نے دو بلندو بالا چھکے لگائے۔