منگل, 05 نومبر 2024


عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے، وزیر خزانہ

واشنگٹن : وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا ہے کہ آئندہ مقامی اور عالمی مارکیٹ سے اپنی شرائط پر قرضے لیں گے۔

یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کیلئے کلائمیٹ فنانسنگ میں رعایت دینی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وقت کے ساتھ جدت لائی جارہی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وقت کی ضرورت تھا اور اب بھی ہے۔


عالمی مالیاتی ادارے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکا میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نمائندوں سے ملاقاتیں کیں آئی ایم ایف کے ساتھ بہت تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور بنیادی شرح سود میں کمی کو سراہا گیا، تمام اداروں نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکا میں سعودی وزیر خزانہ سمیت دیگر ممالک سے بات چیت مثبت رہی، اس سال غیر ملکی پاکستانیوں کی طر ف سے ترسیلات زر چونتیس ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، تمام ریٹنگ ایجنسیاں بھی کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں ،گرانٹ دے گا،

وزیرخزانہ نے کہا کہ نان فائلرز کو گاڑی اور جائیداد خریدنے پر پابندی کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، معیشت کے ڈی این اے کو تبدیل کرنا ہوگا جس میں درآمدات پر انحصار کم ہو۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے اور اسلام آباد ایئرپورٹ سب سے پہلے نجی شعبے کے حوالے کررہے ہیں، آئی ٹی اور زراعت میں 90 فیصد سے زیادہ تعلق صرف پاکستان سے ہے۔

آئی ٹی اور زراعت کا آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر11 ارب ڈالر سے اوپر جا چکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment