کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور پنجاب نوینورسٹی لاہور کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی و سائنسی بنیادوں پر باہمی مفاد پر مبنی تعلق قائم کرنا ہے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور پنجاب یوینورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے جمعہ کو پنجاب یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمار دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے جہاں عالمی سطح پر اسکالرز کو تریبیت کی دی جاتی ہے، انھوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکو، ڈبلیو ایچ او، او آئی سی اور این اے ایم سائینس اور ٹیکنا لوجی سینٹر فار ایکسلینس کے منصب پر بھی فائز ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے درمیان اساتذہ، محقیقین، طلبہ و طالبات، اشاعتوں، تعلیمی پروگرامز اور ریسرچ پروجیکٹس کا باہمی تبادلہ بھی ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت پنجاب یونیورسٹی کا تیکنیکی افراد بین الاقوامی مرکز کی جدید سائینسی مشینوں پر تربیت حاصل کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔ اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے جبکہ باہمی رضا مندی سے اس کی مدت میں اضافہ ممکن ہوگا۔