Print this page

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرخالدمحمودعراقی کارہنمائی کےلئےقائم سینٹرل ہیلپ ڈیسک کادورہ

کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے داخلے برائے سال 2021 ء سے متعلق رہنمائی کے لئے جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر قائم سینٹر ل ہیلپ ڈیسک کا دورہ کیا اورطلباوطالبات کو داخلوں کے حوالے سے فراہم کی جانے والی رہنمائی، سہولیات اور کروناوائرس کی درپیش صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے طمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر خالد عراقی نے داخلہ کمیٹی کے عملے کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز جس میں ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کو خود بھی یقینی بنائیں اور داخلے سے متعلق رہنمائی کے لئے آنے والے طلباوطالبات سے بھی اس پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنوائیں۔ہمیں اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھنا ہے،کروناوائرس پر ہم حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز کے تحت ہی قابوپاسکتے ہیں

اس موقع پر انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ سلورجوبلی گیٹ پر قائم ہیلپ ڈیسک پر داخلے سے متعلق رہنمائی کے لئے آنے والے طلبہ کا تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد انہیں ہیلپ ڈیسک میں موجود معلوماتی کاؤنٹرز کی طرف بھیجا جاتاہے۔

علاوہ ازیں ہیلپ ڈیسک پر سینیٹائزر اور فیس ماسک کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔سینٹرل ہیلپ ڈیسک پر ہمہ وقت داخلہ کمیٹی کا عملہ موجودرہتاہے جو رہنمائی کے ساتھ ایسے طلباوطالبات جنہیں داخلہ فارم جمع کرانے یا واؤچر پرنٹ کرنے میں دشواری کا سامنا ہوتاہے،ایسے طلباوطالبات کوآن لائن داخلہ فارم جمع کرانے اور واؤچر پرنٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

اس موقع پر انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر اور مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی بھی موجود تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں