بدھ, 24 اپریل 2024


دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 73ویں یوم آزادی کی تقریب منعقد

دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں مادر وطن کے 73ویں یوم آزادی کو قومی جذبے ، جوش و خروش سے مناتے ہوئے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد اس تجدید عزم کے ساتھ کیا گیا
 
وائس چانسلر دائود یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے سبز ہلالی پرچم لہرایا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا ، سندھ رینجرز کے اہلکاروں اور تقریب میں موجود تمام افراد نے قومی پرچم کو سلامی دی جس کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
 
تقریب میں کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رہنے کیلئے حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل کرتےہوئے رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز ، فیکلٹی ارکان ، انتظامی افسران ، ملازمین کی بڑی تعداد نے تقریب پرچم کشائی میں شرکت کی۔
 
 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب صرف اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب خواندگی اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق بنایا جائے۔ کورونا وائرس کی عالمی وباء نے تعلیم کا سب سے زیادہ نقصان کیا ہے تاہم داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی نے اپنی آن لائن کلاسز کے آغاز سے طلباء کا تعلیمی نقصان نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے یوم آزادی پر بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کا نشانہ بننے والے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہ بھولیں اور ہر سطح پر ان کیلئے آواز اُٹھائیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment