منگل, 30 اپریل 2024

Displaying items by tag: india


ایمزٹی وی(کھیل)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم آج رات ملائیشیا روانہ ہوگی، کپتان محمد عرفان سفری کاغذات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ہمراہ نہیں جاسکیں گے،وہ دو روز بعد کوالالمپور روانہ ہوں گے۔کراچی میں جاری پاکستان ہاکی ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، پاکستان ٹیم 20اکتوبر سے شروع ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عرفان کا پاسپورٹ کسی دوسرے ملک کے سفارتخانے سے موصول نہیں ہوا ہے ،امکان ہے، پیر یا منگل تک پاسپورٹ واپس مل جائے گا۔پاکستان ٹیم پہلا میچ 20اکتوبر کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ بھارت سے مقابلہ 23اکتوبر کو ہوگا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) یاد رہے کہ اڑی حملے، ہندوستان کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ایک طرف جہاں پاک-بھارت تعلقات ویسے ہی کشیدہ صورتحال اختیار کرگئے تھے، ایسے میں رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی پولیس نے ریاست پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ سے ایک 'جاسوس' کبوتر کو پکڑنے کا دعویٰ کیا، جس کے پاس موجود خط میں وزیراعظم نریندر مودی کے لیے ایک پیغام درج تھا۔

ہندوستانی پولیس کے مطابق کبوتر کے پاس موجود پرچی پر اردو میں درج تھا، 'مودی ہم اب 1971 والے لوگ نہیں اب بچہ بچہ بھارت سے لڑنے کے لیے تیار ہے‘ دی ٹیلیگراف انڈیا کی ایک رپورٹ میں پنجاب پولیس کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 'مشتبہ کبوتر کے پَر اس وجہ کاٹے گئے تاکہ وہ دوبارہ پاکستان نہ جاسکے'۔ مذکورہ عہدیدار نے مزید بتایا، 'ہم نے یونین منسٹر کو اس حوالے سے ایک ابتدائی رپورٹ بھیج دی ہے، جس میں پرندے کی ایکس رے رپورٹ بھی شامل ہے، جس میں کسی مشتبہ چیز کا انکشاف نہیں ہوا'۔ بامیال پولیس اسٹیشن کے ایک انسپکٹر نے بتایا کہ کبوتر کے پَر گذشتہ ہفتے ایک ویٹرنری ورکر کی مدد سے کاٹے گئے، ان کا کہنا تھا، 'ہم رسک نہیں لینا چاہتے، ہم نے اس کبوتر کے لیے ایک پنجرہ بھی خرید لیا ہے'۔

مذکورہ کبوتر کو پٹھان کوٹ میں جانوروں کے ایک ہسپتال لے جایا گیا اور پھر پنجرے میں بند کردیا گیا۔ بامیال پولیس کے انسپکٹر نے بتایا، 'ہمیں نہیں معلوم کہ کبوتر کو پولیس اسٹیشن میں کتنے عرصے کے لیے رکھا جائے گا، جبکہ علاقہ مکین جوق در جوق اس کبوتر کو دیکھنے کے لیے پولیس اسٹیشن آرہے ہیں۔' انھوں نے مزید بتایا کہ 'پولیس کو اس بات کا یقین نہیں ہے کہ آیا یہ کبوتر سرحد پار سے آیا تھا نہیں۔' دوسری جانب ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا 'اس کبوتر کے حوالے سے جس چیز کے بارے میں ہمیں یقین ہے وہ یہ ہے کہ یہ ایک مادہ کبوتر ہے'۔

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) پاکستان نے ،مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کر کے سنجیدہ مذاکرات کرے ۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل سفیرملیحہ لودھی اور مشاہد حسین نے صدر جنرل اسمبلی سے ملاقات کی اور بھارتی بربریت کے ثبوت پیش کئے اور انسانی حقوق کونسل کا مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا مطالبہ کیا ، ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل سے مشاورت کروانے پر غور کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے نیویارک میں پاکستانی وفد کی اقوام متحدہ میں ایک ظہرانے پر گفتگو کے دوران کہی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کی بنیادی وجہ ہی مسئلہ کشمیر ہے۔ ایل او سی کو مانیٹر کرنے والے اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کو مضبوط اور فعال کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت تعلقات میں بہتری ممکن نہیں ۔ اقوام عالم70سال پہلے کشمیریوں سے کیا وعدہ پورا کرے۔

وزیراعظم کے خصوصی نمائندے مشاہد حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی جارحیت سے خطے میں امریکی مفادات متاثر ہوں گے ۔ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کا کردار وسیع ہونا چاہیے۔ سلامتی کونسل کو اپنی قراردادوں پر عمل کروانا ہوگا۔ اس سے قبل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستانی وفد نے یواین جنرل اسمبلی کے صدر پیٹر تھا مسن سے ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوذئیر جمع کرایا۔ خصوصی نمائندوں نے پیٹر تھا مسن کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں اگاہ کیا ۔ ڈاکٹر شذرہ نے بھارتی فورسز کی معصوم اور پر امن کشمیری مظاہرین پر جبر اور بربریت کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) چینی تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان کیساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ غیر منطقی ہے جبکہ اس پر عملدرآمد سے بھارت سے تعلقات مزید پیچیدہ ہو جائینگے۔

چینی رپورٹ میں بین الاقوامی تعلقات شنگھائی اکیڈمی تھنک ٹینک انسٹیٹوٹ کے ایک عہدیدار ہوژاؤ ونگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے بالکل غیر منطقی فیصلہ کیا ہے، کیونکہ اڑی حملے کی تحقیقات میں ایسے کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے کہ حملے میں پاکستان ملوث ہے، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بھارت کی سردجنگ ذ ہنیت کا عکاس ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام میں نفرت کو مزید گہرا کر دیگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان چین ایک دوسرے کے ہر مشکل گھڑی میں آزمائش پر پورا اترنے والے دوست ہیں اور بھارت کا یہ فیصلہ بیجنگ ، نئی دہلی تعلقات کو مزید پیچیدہ بنا دیگا، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چین خصوصاً اسکے مغربی خطوں کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے بھی مفاد میں ہے۔

 

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) روس اور بھارت کے درمیان کل ایس 400 اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، دونوں ملک مشترکہ طور پر سویلین طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی بنائیں گے ۔

کریملن کے مطابق ہفتے کو گوا میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں صدر پیوٹن روس کے سب سے ایڈوانس ائیر ڈیفنس سسٹم کے بھارت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

ملاقات میں ایک ارب ڈالر کے دو سو کاموف ہیلی کاپٹروں کی پروڈکشن کا منصوبہ طے پاجانے کی توقع کی جارہی ہے۔ روسی صدر اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات برکس اجلاس کی سائیڈ لائن ملاقاتوں میں ہوگی ۔

دوسری جانب ایک بھارتی اخبار کےمطابق روسی وزیر تجارت و صنعت میندیس منتروف نے کہا ہے کہ بھارت نے باقاعدہ طور پر روس سے درخواست کی ہے کہ بھارت کیلئے سویلین طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مشترکہ پیداوار شروع کی جائے۔

درخواست کے پیش نظر روس اس منصوبے کیلئے تیار ہےجس کے تحت کے اے 226 ٹی ہیلی کاپٹرز بھی تیار کیے جائیں گے۔

ایمزٹی وی(کھیل) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے توقع ظاہر کی ہے کہ گرین شرٹس بھارت سے دوبارہ نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن واپس چھین سکتے ہیں کیونکہ ٹیسٹ ٹیم کا اچھا کامبی نیشن بن چکا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے پر افسوس ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ دوسرے ممالک سے کھیل کر ان کی ٹیم نمبر ون کا تاج دوبارہ اپنے سر پر سجا سکتی ہے ۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ دو ہزار سات سے پاکستان کے ساتھ بھارت ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل رہا مگر دونوں ملکوں کے شائقین کیلئے باہمی مقابلوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کریڈٹ کا مستحق ہے کہ چھ سال سے اپنے ملک میں کرکٹ نہ کھیلنے کے باوجود نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن اپنے نام کی تھی اور گرین شرٹس کسی بھی ملک میں ہر ٹیم کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے پر وہ مطمئن ہیں۔ ا س وقت پاکستان کو چند باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں اور تجربہ کار پلیئرزکے ساتھ ان کا اچھا کامبی نیشن بن گیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بھارتی شہر مظفر نگر میں ہندوانتہا پسندوں نے اداکار سلمان خان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ان کا پتلا بھی نذرآتش کیا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق مظفرنگر کے علاقے کوہٹلی ٹاؤن میں بی جے پی ایم ایل اے سے وابستہ شدت پسند تنظیم سنگیت سوم نے سلمان خان کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کے حق میں دئے گئے بیان کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے سلمان خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کا پتلا نذرآتش کیا ۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر سلمان خان نے رویہ نہ بدلا توان کی فلموں کا بائیکاٹ کیاجائے گا۔ چند روز پہلے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سلمان خان نے بیان دیا تھا کہ پاکستانی فنکار دہشتگرد نہیں ہیں اس لیے ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے اور فن اور دہشتگردی کو آپس میں نہ ملایا جائے۔

دوسری طرف اداکار سلمان خان نے بھارتی نیوز چینل کے خلاف 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا دعوی دائر کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی جانب سے ممبئی ہائی کورٹ میں 1998کے ہندوؤں کے لیے مقدس مانے جانے والے چنکارا ہرن کے غیرقانونی شکار کے حوالے سے ٹی وی چینل کے خلاف 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا کیس دائر کیا ہے۔

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر اداکار فواد خان نے مل جل کر پر امن طریقے سے رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

فیس بک پر جاری اپنے بیان میں فواد خان کا کہنا تھا کہ میں اور میری اہلیہ جولائی سے لاہور میں ہیں، گذشتہ دنوں کے افسوسناک واقعات پر میڈیا مجھ سے میراموقف مانگتا رہا ہے،اور میں پہلی بار اس معاملے پربات کررہا ہوں۔

اس سے قبل مجھ سے جوڑا گیا کوئی بھی بیان میرا نہیں تھا، ایک باپ ہونے کی حیثیت سے میں امن کے لیے دعاگو ہوں، ہم مل جل کر زیادہ پرامن ماحول میں رہ سکتے ہیں۔

ہمیں اپنے بچوں کا سوچنا ہے جو ہمارا مستقبل ہیں، پاکستان، بھارت اور پوری دنیا میں اپنے پرستاروں کی سپورٹ اور محبت کا شکرگذار ہوں۔

 

ایمز ٹی وی (کھیل) سابق آئی سی سی چیف احسان مانی نے پاکستان کوبھارت سے سخت رویہ اپنانے کا مشورہ دے دیا، انھوں نے کہاکہ آئی سی سی اجلاس میں پڑوسی ملک کو تنہا کردیا جائے، انوراگ ٹھاکر سے منفی بیان پر جواب طلبی ہونی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی بھی بھارتی کرکٹ چیف انوراگ ٹھاکر پر خاصے برہم ہیں، انھوں نے کہا کہ ٹھاکر کے اشتعال انگیز بیانات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ بھارت سے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی واپس لینے کا مطالبہ کرے، ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہو رہا ہے، پی سی بی آفیشلز کو وہاں بھارت کیخلاف سخت موقف اختیار کرنا چاہیے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے اشتعال انگیز بیان کے بعد پاکستان کو آئی سی سی میٹنگ میں اپنا کیس زیادہ موثر انداز میں اٹھانا ہوگا، وفد کو چاہیے کہ وہ یہ مطالبہ بھی کرے کہ کونسل پاکستان کیخلاف بیان پر بھارتی کرکٹ چیف سے وضاحت طلب کرے، مانی نے کہا کہ انوراگ ٹھاکر سیاستدان ہونے کے ساتھ حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، ان سے پوچھنا چاہیے کہ انھوں نے پاکستان اور کرکٹ معاملے پر بیان کس حیثیت میں دیا۔

آئی سی سی آئین کے تحت کسی بھی آفیشل یا ممبر ملک کے نمائندے کو کھیل کی بے قدری کا بیان نہیں دینا چاہیے جبکہ ٹھاکر نے ایسا کردیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ میں نے 2 برس قبل پاکستان بورڈ کو یہ مشورہ دیاتھا کہ وہ آئی سی سی ایونٹس کے گروپ مرحلے میں بھارت سے کھیلنے کا سلسلہ روک دے، اب بھارت نے ایسی بات کردی ہے۔

درحقیقت آئی سی سی دو روایتی حریفوں کے درمیان میچز سے بہت رقم کماتی ہے، بگ تھری میں شامل ہونے کی وجہ سے بھارت زیادہ بڑا حصہ حاصل کرتا ہے، وہ ہم سے باہمی سیریز کھیلنے سے بھی گریزاں تھا۔

مانی نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ آفیشلز برسوں سے بھارت کے ساتھ صلح کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں کیونکہ وہ ان سے باہمی سیریز کھیلنا چاہتے تھے، اب یہ بالکل واضح ہوگیاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس حوالے سے بہت زیادہ منفی سوچ رکھتا ہے، لہٰذا یہ بہترین موقع ہے کہ پاکستان کو آئی سی سی میں اپنے پوائنٹس کو واضح کرنا چاہیے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) بھارت نے پاکستان کو کھیلوں میں بھی عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازشوں کا آغاز کر دیا، بھارتی لابی کے زیراثر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کے دروازے بند کر دیے۔

آئی کے ایف کے سربراہ اور بھارتی شہری دیوراج چترویدی کے مطابق موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور دونوں قوموں کے بہتر مفاد میں ہم نے پاکستان کو میگا ایونٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان نے عالمی باڈی پر غیرمنصفانہ سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تحت کیا گیا تو پاکستان کے ساتھ بھارت کو بھی ایونٹ سے باہر رکھا جانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے سیاسی محاذ کے بعدکھیلوں میں بھی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کے گھناؤنے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا، بی سی سی آئی کے سربراہ انوراگ ٹھاکر پہلے ہی واضح کر چکے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان سری جیش بھی کہہ چکے کہ رواں ماہ ملائیشیا میں شیڈول ایشین چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کو عبرتناک شکست دے کر اپنی فوج کو جیت کا تحفہ دیں گے، اب سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ سے بھی باہر کر دیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سربراہ دیو راج چترویدی کا تعلق بھی بھارت سے ہے، انھوں نے اپنی حکومت کو خوش کرنے کیلیے پاکستان کو عالمی کپ سے باہر کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ2ایٹمی ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات گذشتہ ماہ اڑی حملے کے نتیجے میں18بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے کشیدہ ہیں، جلتی پر تیل کا کام گذشتہ ہفتے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے نے کیا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے جھوٹا قرار دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سربراہ دیوراج چترویدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا یہ درست موقع نہیں، پاکستان انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا قابل قدر رکن ہے تاہم موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور دونوں قوموں کے بہتر مفاد میں ہم نے فیصلہ کیاکہ پاکستان کو میگا ایونٹ سے باہر رکھا جائے۔

یاد رہے کہ کبڈی کا ورلڈ کپ7 اکتوبر سے احمد آباد میں ہوگا جس میں بھارت سمیت ایران، امریکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، پولینڈ، کینیا اور ارجنٹائن کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، افتتاحی مقابلہ ایران اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان شیڈول ہے، دوسری جانب پاکستان نے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن پر غیرمنصفانہ سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تحت ہی کیا گیا تو دونوں حریف ممالک کو ایونٹ سے باہر کیا جانا چاہیے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ ہم نے اس مسئلے پر بات کرنے کیلیے ایک اجلاس بلا لیا لیکن ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کے بغیر کبڈی ورلڈ کپ نہیں ہوگا، یہ ایسے ہی ہے جیسے برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جائے، انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا یہ فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے، معاملے کو عالمی باڈی کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

رانا سرور نے کہا کہ پاکستانی کبڈی ٹیم کے ویزوں کیلیے پہلے ہی رجوع کیا جا چکا تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے ابھی تک ٹیم کو کلیئرنس نہیں دی، محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے حکومت پاکستان سے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے کی اجازت طلب کررکھی ہے، ٹیم اسی صورت میں وہاں جائے گی جب پاکستانی حکومت اس کی اجازت دے گی۔

انھوں نے کہا کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے، ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت میں ہونے والی کبڈی لیگ میں بھی حصہ نہیں لینے دیا گیا اور ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے، اس وقت پاکستانی کبڈی ٹیم بہت فارم میں ہے، وہ گذشتہ دنوں ویت نام میں ہونے والے ایشین بیچ گیمز کے فائنل میںبھارت کو شکست دے چکی لیکن افسوس کہ ورلڈ کپ میں شائقین ایک بڑی ٹیم کو کھیلتا دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے۔

ادھر پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان ناصر علی کا کہنا ہے کہ ایشین بیچ گیمز میں روایتی حریف بھارت کو فائنل میں شکست دینے کے بعد ہم ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے فیورٹ تھے، سوچی سمجھی سازش کے تحت ہمیں میگا ایونٹ سے باہر کر دیا گیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر ٹورنامنٹ کی اہمیت نہیں ہوگی اور شائقین بھی اس میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لیں گے۔