جمعرات, 18 اپریل 2024


ایک ایسا رشتہ جو آپ کی زندگی بدل دے

ایمزٹی وی(رپورٹ)اگر اگلی بار آپ کی بہن کھانا چھین لے، شرمندہ کرے یا کسی بھی طرح تنگ کرے گا تو اسے فوری معاف کردیں بلکہ آپ کو تو اس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔
کیونکہ زندگی کا یہ رشتہ شخصیت کو زیادہ خوش باش اور پرامید بنانے میں مدد دیتا ہے۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔
ڈی مونٹ فونٹ یونیورسٹی اور السٹر یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ بہن کی موجودگی لوگوں کو زیادہ خوش باش اور مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے زیادہ پرامید بنادیتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران 17 سے 25 سال کی عمر کے 571 افراد سے ان کی زندگی کے بارے میں مختلف سوالات پوچھے گئے اور نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ بہنوں کے ساتھ پلے بڑھے، وہ اپنی زندگی سے زیادہ خوش ہیں۔
اس تحقیق کے دوران رضاکاروں سے ذہنی صحت، مثبت سوچ سمیت زندگی کے متعدد پہلوﺅں سے متعلق سوالنامے کو بھروایا گیا۔
محققین کا کہنا تھا کہ لڑکیاں اپنے بھائیوں یا بہنوں کے اندر اپنے احساسات کو بیان کرنے اور کھلے ذہن کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں، جس سے ذہنی صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جذبات کا اظہار ذہنی صحت کے لیے اچھا ہوتا ہے اور بہنوں کی موجودگی اس چیز کو خاندان کے اندر اپنانے میں مدد دیتی ہے۔
تحقیق کے مطابق لڑکوں کے اندر قدرتی طور پر مختلف چیزوں کے بارے میں بات نہ کرنے کا رجحان ہوتا ہے، لڑکیاں اس عنصر کو توڑ دیتی ہیں۔
اس سے قبل امریکا کی برگھم ینگ یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بہن کی موجودگی بھائی کو زیادہ اچھا انسان بننے میں مدد دیتی ہے۔
اس تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بہنوں یا بھائیوں کی موجودگی معاشرے سے گھلنے ملنے میں مددگار رویوں کو پروان چڑھاتی ہے اور لوگوں کے اندر دوسروں کی مدد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment