جمعرات, 28 مارچ 2024


گیس کی قیمتوں میں 200 روپے کمی کی منظوری


ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے صنعتوں کو 30 ارب روپے کا ریلیف پیکچ دینے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتوں میں 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتیں 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے کم کرکے 400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی جس کیلئے وفاقی حکومت سالانہ 25 سے 30 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ ای سی سی کے مذکورہ فیصلے کے بعد کیپٹو پاور پلانٹس، ٹیکسٹائل، سیمنٹ، اسٹیل اور فرٹیلائزر سیکٹر کے لیے گیس کی قیمتوں میں کمی ہوگی تاہم فیصلے کا اطلاق سی این جی اور پاور شعبے پر نہیں ہوگا۔

مذکورہ فیصلے کے حوالے سے اس اُمید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں کمی سے صنعتی پیدوار میں اضافہ ہوگا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ اور وزارت پانی و بجلی کے درمیان بجلی بلوں کے واجبات سے متعلق ہونے والے تصفیے کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت حکومت سندھ جولائی 2010 سے جولائی 2016 کے عرصہ کیلئے حسیکو اور سپیکو کو 27 ارب 39 کروڑ روپے کے واجبات چھ برابر اقساط میں ادا کریگا۔ وزیر خزانہ نے وزارت پانی و بجلی کو حسیکو اور سپیکو کے زیر انتظام علاقوں میں 4 ماہ میں سمارٹ میٹرز لگانے کی بھی ہدایت کردی جس کے 50 فیصد اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔ ای سی سی نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کی گرانٹ کے تحت آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے تعلیمی اداروں اور ضلعی ہیلتھ یونٹس کے لیے فرنیچرز اور دوسرے آلات کی خریداری کو ٹیکسوں سے استثنیٰ کی منظوری بھی دے دی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment